کاروباری نظم و نسق ایسا نظام ہے جس کے ذریعے کمپنیوں کی رہنمائی اور انضباط کیا جاتا ہے۔کاروباری نظم و نسق کی بناوٹ کمپنی میں مختلف شراکت داروں کے درمیان حقوق و ذمہ داریوں کی تقسیم کا تعین کرتی ہے، جیسا کہ، مجلس نظماء(بورڈ آف ڈائریکٹرز)، انتظامیہ، حصص داران اور دیگر سٹیک ہولڈرز اور تجارتی امور میں فیصلہ سازی کے لئے قواعد اور ضابطۂ عمل(procedure) وضع کرتی ہے۔ایسا کرتے ہوئے وہ ایسا ڈھانچہ فراہم کرتی ہے جس کے ذریعے کمپنی کے مقاصد ، ان مقاصد کو حاصل کرنے کے طریقے اور کارکردگی جائزے کی وضاحت کی جاتی ہے۔

کاروباری نظم و نسق میں کمپنی کا حصص داران اور معاشرے کے ساتھ تعلق؛ منصف مزاجی، شفافیت اور احتساب کا فروغ ؛ ان طریقوں کے حوالہ جات جو منتظمین کی ’’نگرانی‘‘کے لئے استعمال ہوتے ہوں اور یہ یقینی بناناکہ انجام دئے گئے امور اہم سٹیک ہولڈرز کی جماعتوں کے مفادات کی مطابقت میں ہوں شامل ہیں۔لہٰذا کاروباری نظم و نسق میں دلچسپی کے اہم نکات میں شفافیت اور احتساب کے معاملات، قانونی اور انضباطی ماحول، مناظمتِ(مینجمنٹ)خطرات کے موزوں اقدامات، معلومات کی مسلسل فراہمی (information flow) اور مجلس نظماء اور اعلیٰ انتظامیہ کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔

کاروباری نظم و نسق کا اولین مقصد حصص داران اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو تجارتی اور انتظامی بدسلوکی سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔کاروباری نظم و نسق کے مؤثر انتظامات کارپوریٹ سکینڈلز، فریب کاری، ممکنہ دیوانی اور فوجداری وجوب سے بچاؤ کے لئے ضروری ہیں۔ ایسے اقدامات ایک تنظیم کی ساکھ بہتر کرتے ہیں ساتھ ہی ساتھ اسے سرمایہ کاروں، قرضداروں،صارفین اور معطیوں (donors) کے لئے مزید پرکشش بناتے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف، برا کاروباری نظم و نسق فریب کاری میں معاون ماحول کا باعث بن سکتا ہے اور بالآخر تنظیم کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے اور سٹیک ہولڈرز کے لئے ازحد نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

چاہے کمپنی نجی ، سرکاری، غیر منافع بخش یا حکومتی ہو، جو بھی اس کے نظم و نسق کے ذمہ دار ہوں گے انہیں اس کی ساخت کا تعین کرنے اور کاروباری نظم و نسق کا مؤثر طرز عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔کاروباری نظم و نسق کے نظام کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کمپنی میں فیصلہ ساز، جیسا کہ نظماء (ڈائریکٹرز) اور انتظامیہ، کمپنی کے سٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد میں کام کر رہے ہیں۔

ایس ای سی پی نے اپنے مقاصد کے حصول کے لئے جامع حکمت عملی تشکیل دی ہے اور اسےنافذ کیا ہےتاکہ وہ کارپوریٹ شعبے میں عمدہ نظم و نسق کے اصولوں کو فروغ دینے والا مؤثر اور متحرک انضباطی ادارہ بن سکے ، بازارِ سرمایہ میں مناظمت ِخطرات کے مناسب طرز عمل کو یقینی بنائے، اورمؤثر نفاذ کے طور طریقوں اورکار گزار پالیسی اقدامات کے ذریعے سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرے۔ایس ای سی پی نے مخصوص قسم کی کمپنیوں کو ضروری تعمیل کے لئے کاروباری نظم و نسق کے فریم ورک جاری کئے ہیں جس میں فہرستی کمپنیاں، سرکاری کمپنیاں، اور بیمہ کمپنیاں شامل ہیں۔علاوہ ازیں، غیر فہرستی کمپنیوں کی رہنمائی اور رضاکارانہ تعمیل کے لئے کاروباری نظم و نسق کے اصول جاری کر دئے گئے ہیں ۔یہ حوالے کے لئے درج ذیل لنک پر دستیاب ہیں۔