ایجنٹس اور بروکرز

تمام بروکر اور ان کے ایجنٹوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ عوام کو بروکریج کی خدمات فراہم کرنے کے لئے ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹر ڈ ہوں۔ بروکروں اور ایجنٹوں کو بروکرز اور ایجنٹس رجسٹریشن قواعد ، ۲۰۰۱ کے تحت منضبط (ریگولیٹ ) کیا جاتا ہے۔

بی آر قواعد  بروکروں  اور ایجنٹوں کے لئے شرائطِ اہلیت ، رجسٹریشن کےطریقہ کار، رجسٹریشن سے انکار کے ا ثرات ، تجدید ، عمومی وجوب و ذمہ داریوں کی تصریح فراہم کرتے ہیں۔ مزید یہ قواعد بروکروں کے لئے ضابطہ اخلاق کی بھی صراحت کرتے ہیں۔ ایجنٹوں کے لئے معیارِ اہلیت کی تصریح  اراکین کے ایجنٹ اور تاجران (معیاراتِ اہلیت) قواعد، ۲۰۰۱ میں دی گئی ہے۔

سندحقِ تجارت  (ٹی آر ای سی) کے حاملین جو بطورِ بروکر کام کرنا چاہتے ہیں  پاکستان سٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کی وساطت سے ایس ای سی پی کو بی آر قواعد کے پہلے جدول کے مطابق سندِ اندراج بطور بروکرکے لئے درخواست دیں گے ۔ پی ایس ایکس درخواست موصول ہونے کے چودہ دن کے اندر اسے ایس ای سی پی کو بھجوا دے گی۔

درج شدہ بروکروں اور ایجنٹوں کی فہرست

سندِ اندراج کا  اجرا

اگر ایس ای سی پی مطمئن ہوجائے کہ درخواست گزاربطورِ بروکر اندراج کا اہل ہے اور یہ کہ ایسا کرنا سٹاک مارکیٹ کے مفاد میں ہے تو درخواست گزار کو لائسنس جاری  کر دیا جائے گا۔  سندِ اندراج برائے بروکر تاریخ ِ اجرا سے ایک سال کی مدت کے لئے کار آمد ہو گی۔

رجسٹریشن کی تجدید

قواعد کے جدول دوم میں صراحت کردہ فیس کی ادائیگی پر سندِ اندراج قابلِ تجدید ہے ۔ ابتدائی اندراج کے تقاضے اندراج کی تجدید پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔