ایس ای سی پی اور سٹیٹ بینک کے سربراہوں کی ملاقات میں اہم انضباطی فیصلے

اسلام آباد ‘ ۲۱ ستمبر : سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان(ایس ای سی پی) اور سٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کی رابطہ کمیٹی کا سہ ماہی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ چئیر مین ایس ای سی پی ظفر حجازی اورگورنر ایس بی پی اشرف محمود وتھرا نے اپنے وفود کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی کو اجلاس کے ایجنڈا کے آٹھ نکات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور متعدد اہم فیصلےکئے گئے۔ اجلاس کے دوران سٹیٹ بینک کے وفد نے کمپنیز بل 2016پر پیش رفت کے ضمن میں ایس ای سی پی کی کوششوں کو سراہا ۔مجوزہ کمپنیز بل میں رئیل سٹیٹ کمپنیوں کے معاملات میں مزید شفافیت لانے کے لئے اضافی افشاء کا تقاضہ بھی شامل ہے۔اجلاس میں رئیل سٹیٹ کے شعبے کا انضباطی نظام مزید بہتر بنانے کے لئے سٹیٹ بینک اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو اس شعبے کی موثر ریگولیشن کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سفارشات مرتب کرکے فراہم کرے گی۔