۸ ستمبر ۲۰۱۶: پاکستان سٹاک ایکسچینج نے کارپوریٹ ایکسی لنس حاصل کرنے والی پچیس کمپنیوں کی کارکردگی کو سرہانے کے لئے ۸ ستمبر ۲۰۱۶ کو کراچی میں انعامی تقریب کا انعقاد کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم جناب محمد نواز شریف مہمان ِخصوصی کے طور پر مدعو تھے۔ دیگر شرکاء میں وزیر خزانہ جناب اسحاق ڈار، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سندھ جناب مراد علی شاہ ، چیئرمین ایس ای سی پی جناب ظفر حجازی، گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا، چیئرمین پی ایس ایکس منیر کمال اور پی ایس ایکس کے مینجنگ ڈائریکٹر ندیم نقوی شامل تھے۔
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پالیسیوں کے باعث پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اورسٹاک ایکسچینج نے بلند ترین سطح کو عبور کر لیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کی تجدید نو ہوئی ہے اوریہ درست راہ پر گامزن ہے۔ جناب ظفر حجازی نے مثالی کارکردگی پیش کرنے کے باعث انعام حاصل کرنے والی چوٹی کی کمپنیوں کی انتظامیہ کو مبارک باد دی۔ یہ بات قابل ستائش ہے کہ معیارات کی پابندی اور کارپوریٹ ایکسی لینس کو نوازا جا رہا ہے جس سے انعام حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اوردوسری کمپنیوں کو بھی ترغیب ملے گی۔